للکار ( سلیم گل ابڑوسے) ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی) کوٹری ریجن میں پینشنرز کو حکومت پاکستان کے قوانین کے مطابق پینشن کے فوری حصول میں آسانی پیدا کرنے کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور اس سلسلے میں عوام الناس کو آگاہ کیا جا رہا ہے کہ کس طرح اپنے کاغذات کو مکمل کر کے قانون کے مطابق با آسانی ای او بی آئی کے فوائد کا حصول ممکن ہے –
تفصیلات کے مطابق کوٹری ریجن نے بیمہ شدہ ملازمین کو پینشن کے حصول کے لیے ضروری کاغذات کے انتظامات، عوام الناس کی ای او بی آئی قوانین کے بارے میں آگاہی اور آسانی کے ساتھ ای او بی آئی کے فوائد کے حصول کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کر دی ہے تا کہ بیمہ شدہ ملازمین کو تمام کاغذات کے مکمل کرنے پر قوانین کے مطابق براہ راست، جلد اور فوری فوائد کا حصول ممکن بنایا جا سکے – اسے سلسے کی ایک کڑی کے طور پر ایجنٹ مافیا کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے اور انچارج بینیفٹ سیکشن محمد وقاص چوہدری نے عوام الناس کو براہ راست، فوری اور مفت فوائد کے حصول کے لیے اپنا ذاتی موبائل نمبر بھی عوام الناس کی دستیابی کے لیے مہیا کر دیا ہے تا کہ بیمہ شدہ ملازمین کو کسی بھی ممکنہ دشواری کے پیش نظر افسر بالا کو مطلع کیا جا سکے اور وہ ان مشکلات پر ایکشن لیتے ہوئے فوری اس کا ازالہ کر سکیں –
یاد رہے ای او بی آئی بیمہ شدہ ملازمین کی قوانین کے مطابق براہ راست فوائد کے حصول کا ضامن ادارہ ہے اور ایجنٹ مافیا ای او بی آئی کے نام پر عوام الناس سے نا صرف پیسے بٹورتے ہیں بلکہ جعلی کاغذات بنانے میں بھی ملوث ہیں جو کہ پاکستان کے قانون کے مطابق قابل سزا جرم بھی ہے – اس طرح یہ ایجنٹ ایک طرف نہ صرف عوام الناس کے لیے خواری کا باعث بنتے ہیں بلکہ دوسری طرف ادارے کے لیے بدنامی کا باعث بھی ہیں – لہذا ریجنل اتھارٹی نے ان ایجنٹ مافیا کے خلاف بڑا اقدام کرتے ہوئے ان کا داخلہ بند کر دیا ہے تا کہ بیمہ شدہ ملازمین کو براہ راست اور او بی آئی کے قوانین کے مطابق مفت اور فوری فوائد کے حصول میں مدد فراہم کی جا سکے۔
Comments 1